کاروار؍بھٹکل:15؍اگست (ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع کےکئی مقامات سیلاب سے متاثر ہونےکی وجہ سے عوام کوکروڑو ں روپئے کا نقصان ہواہے۔ سیلاب کی تباہ کاریاں سب کے سامنے عیاں ہیں، پندرہ بیس دن بیت گئے ابھی تک متاثرین میں معاوضہ تقسیم نہیں کئےجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر طاہر حسین نے فوری طورپر معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
کاروار کے پتریکا بھون اور بھٹکل میں پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتےہوئے طاہر حسین نےکہاکہ ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کا 10افراد پر مشتمل ایک وفد اترکنڑا ضلع کے متاثرزدہ مقامات کا دورہ کرتے ہوئےمتاثرین سے ملاقاتیں کیں۔ جہاں گھر تباہ ہو گئے ہیں، زرعی زمینات اور فصلیں برباد ہوگئی ہیں، ہرکسی کو نقصان پہنچاہے۔ ابھی تک کسی بھی متاثر کو 10ہزارروپئے کا معاوضہ نہیں ملا ہے، متاثرین اپنے گھروں میں بھی نہیں رہ سکتے ، سب لوگ سخت پریشانی میں ہونے کا ذکرکیا۔
مرکزی حکومت پر تنقید کرتےہوئےطاہر حسین نے کہاکہ مرکز ریاست کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہاہے۔ گجرات میں سیلاب آنے پر ہزار کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کے لئے چھوٹی سی رقم دے کر خاموش ہوگئے ہیں، مرکزی حکومت کو چاہئےکہ فوری طورپر متاثرزدہ مقامات کا سروے کرکے معاوضہ ادا کرنےکا مطالبہ کیا۔
کووڈ سے فوت ہونےو الوں کو اس وقت کے وزیر ٹرانسپورٹ لکشمن سودی نےفی کس 30لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ ہماری پارٹی کی طرف سے حاصل کی گئی آرٹی آئی سے پتہ چلا کہ کسی ایک خاندان کو بھی معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔ قریب 80سے زائد لوگ ہلاک ہوئے تھے7خاندانوں کو صرف ایک ایک لاکھ روپئے دئیےگئےہیں۔ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ معاوضہ ابھی تک نہیں ملا ہے۔ اس موقع پر ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے میڈیا سکریٹری عزیز جاگیردار، ضلع جنرل سکریٹری آصف شیخ وغیرہ موجود تھے۔